488

43 کروڑ روپے کی مچھلی، جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے

کیا آپ مچھلی خریدیں گے، صرف 43 کروڑ روپے کی؟؟ اور وہ بھی مری ہوئی!!

شاید آپ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ کیسا احمقانہ سوال ہے۔ لیکن جاپان کے شہر ٹوکیو میں ایسا ہی کچھ ہوا ہے۔

ایک 612 پاؤنڈ (277 کلو) وزنی مچھلی 333.6 ملین جاپانی ین یعنی تقریباً 43 کروڑ پاکستانی روپے میں نیلام ہوئی ہے۔ جاپان کی سکیجی مچھلی منڈی میں 2019 کی پہلی نیلامی کے دوران مچھلی کے کھانوں کے لیے مشہور ریسٹورنٹ چین ’’سوشی زنمائی‘‘ کے مالک کیوشی کیمورا نے یہ مچھلی خرید کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

جاپانی ٹی وی چینل این ایچ کے سے بات کرتے ہوئے کیوشی کیمورا نے کہا کہ یہ ’’بلیوفن تونا‘‘ نسل کی ایک نایاب مچھلی تھی، اور بہت بہترین بھی۔ لیکن یہ پچھلے سالوں کی نسبت بہت مہنگی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مچھلی میری توقع سے زیادہ بڑی ہے اور مجھے امید ہے کہ ہمارے گاہک اسے بہت شوق سے کھائیں گے۔

یہ مچھلی جاپان میں عام طور پر 88 امریکی ڈالر فی کلو کے حساب سے فروخت ہوتی ہے۔ تاہم اس سال اس کی قیمت میں خاصا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور فی کلو قیمت 440 امریکی ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

جاپانی لوگ بلیوفن تونا مچھلی بہت شوق سے کھاتے ہیں۔ جاپان اور دیگر ممالک میں اس مچھلی کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے اس کی نسل معدوم ہونے کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔ ماہرین کی مطابق پیسفک میں اس مچھلی کے سٹاک میں 96 فیصد تک کمی ہوچکی ہے۔